Saturday, 30 June 2012

سیز فیبریگس کو ماریو بالوٹلی سے خطرہ محسوس ہونے لگا

سپین کے کھلاڑی سیز فیبریگس نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم کو یورکپ کے فائنل میں اٹلی کے سٹرائیکر ماریو بالوٹیلی سے خصوصی طور پر ہوشیار رہنا ہوگا.

ماریو بالو ٹیلی نے وارسا میں کھیلے گئے سیمی فائنل مقابلے میں اپنی کیریر کی بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کیا تھا اور اٹلی کو جرمنی پر دو ایک کی فتح دلوائی تھی.اس پرفارمنس کے بعد بالو ٹیلی کا نام بھی ٹورنامنٹ کے گولڈن بوٹ کے امیدواروں میں لیا جانے لگا ہے.فیبریگس کا کہنا ہے کہ جرمنی کے خلاف جس طرح کی پرفارمنس کا مظاہرہ بالو ٹیلی نے کیا وہ انہیں ایک عالمی معیار کا کھلاڑی ظاہر کرتی ہے.ان کا کہنا تھا کہ فائنل مقابلے میں بالو ٹٰیلی ان کی ٹیم کے لیے حقیقی خطرہ ہونگے.

عقابی نگاہوں والے علیم ڈار نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا


آئی سی سی کے ایلٹ پینل میں شامل پاکستانی ایمپائر علیم ڈار نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا ہے.دنیا بھر میں پاکستان کا نام سربلند کرنے والے عقابی نگاہ کے مالک علیم ڈار 150 ون ڈے انٹرنیشنل سپروائز کروانے والے دنیا کے ساتویں ایمپائر بن گئے ہیں.

علیم ڈار نے یہ تاریخی سنگ میل آسٹریلیا اور انگلینڈ کے مابین پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں ایمپائرنگ کے فرائض سرانجام دے کر عبور کیا.میچ کے بعد ہونے والی تقریب میں علیم ڈار کو آئی سی سی کی جانب سے ان کی خدمات کے اعتراف میں میمنٹو پیش کیا گیا.44سالہ علیم ڈارگزشتہ تین سالوں سے مسلسل ایمپائر آف دی ائیر کا ایوارڈ اپنے نام کرتے آ رہے ہیں

علیم ڈار نے فروری دو ہزار  میں گوجرانوالہ میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ایک روزہ مقابلہ میں پہلی بار امپائرنگ کے فرائض انجام دیے۔
ایلیٹ پینل میں شامل ہونے کے بعد انہوں نے اکتوبر 2003ء میں پہلی بار ڈھاکہ میں انگلستان و بنگلہ دیش کے درمیان مقابلے میں خدمات پیش کی۔

علیم ڈار 2003ء، 2007ء اور 2011ء کے عالمی کپ کے فائنل مقابلے میں بھی امپائرنگ کر چکے ہیں۔ 150 ایک روزہ مقابلوں کے علاوہ وہ اب تک 74 ٹیسٹ مقابلے بھی سپروائز کر چکے ہیں اور یوں طویل طرز کی کرکٹ میں بھی تجربہ کار ترین امپائروں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر ہیں۔
 

خط لکھنے کے حوالے سے وزیر اعظم کا پہلا باضابطہ انکار

وزير اعظم راجہ پرویز اشرف کی جانب سے  سپریم کورٹ کے حکم پر سوئس حکام کو خط لکھنے کے حوالے سے پہلا باضابطہ انکار سامنے آگیا ہے.

 لاہور کے گورنر ہاؤس میں کالم نگاروں اور ایڈیٹروں سے گفتگو میں راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ  صدرمملکت کو تھرڈ کلاس مجسٹریٹ کے سامنے جھکنے نہیں دے سکتے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ  آئین کی بات کی جاتی ہے اور آئین ہی خط لکھنے سے روکتا ہے۔ انھوں نے کہا ک پیپلزپارٹی نے تاریخ خون سے لکھی ہے۔،ضرورت پڑی تو پھر خون دیں گے۔

ارسلان افتخار کیس کی تحقیقات کے لیے مشترکہ ٹیم کی تشکیل


قومی احتساب بیور کے چئیرمین ایڈمرل (ر) فصیح بخاری نے کہا ہے کہ ارسلان کیس کی تحقیقات کے لیے نیب ،ایف آئی اے اور پولیس کے افسران پر مشتمل مشترکہ ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے.
 

اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے چئیرمین نیب کا کہنا تھا کہ نیب کے ڈی جی مالیاتی جرائم تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ ہونگے.انھوں نے بتایاکہ ڈاکٹر ارسلان کے وکیل نے نیب کو نوٹس بھی بھیجا ہے جو دھمکی آمیز اور توہین عدالت کے مترادف ہے.فیصیح بخاری کا کہنا تھا کہ تحقیقاتی ٹیم لندن بھی جائے گی اس لیے اس کاروائی میں وقت لگ سکتاہے.

پاک آسٹریلیا سیریز سے پی سی بی کوبھاری منافع کی توقع


پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین یو اے ای میں کھیلی جانے والی ہوم سیریز سے پی سی بی کو 45 کروڑ روپے کی آمدن متوقع ہے.

پی سی بی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر چہ آئی سی سی نے چھ ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کی منظوری دے دی ہے تاہم بورڈ ون ڈے میچز کا انعقاد بھی چاہتا ہے.پی سی بی آفیشل کے مطابق پاکستان کو صرف اسی صورت میں منافع کمانےکا موقع ملے گاجب سیریز میں ون ڈے میچزبھی شامل ہوں.عہدیدار کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے بورڈ کو 649 ملین روپے کی آًمدن متوقع ہے جس میں  187 ملین روپے کے اخراجات شامل ہیں.

رحمن ملک من پسند افراد کو بلیو پاسپورٹ جاری کرتے رہے،پی اے سی کے اجلاس میں انکشاف


پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو بتایا گیا ہے کہ سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک کاروباری اور دیگر بااثر افراد کو آفیشل بلیو پاسپورٹ جاری کرتے رہے ہیں.

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس یاسمین رحمن کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا.اجلاس کے دوران رکن کمیٹی حامد یار ہراج کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر سیکرٹری داخلہ صدیق اکبر نے تسلیم کیا کہ وہ اور مشیر داخلہ رحمن ملک کاروباری اور بااثر افراد کو بلیو پاسپورٹ جاری کرتے رہے ہیں.صدیق اکبر کا اصرار قواعد و ضوابط کے مطابق انھیں ایسا کرنے کی اجازت ہے.پی اے سی نے صدیق اکبر کے موقف کو رد کرتےہوئے قواعد و ضوابط کی کاپی کے ساتھ تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے.

مادھوری نے شوبز کے ایک نئے شعبے میں قدم رکھ دیا


کروڑوں دلوں کی دھڑکنوں کو آلٹ پلٹ کردینے والی مادھوری ڈکشٹ کی فلمی دنیا میں واپسی تو ہوئی ہی ہے ،لیکن ساتھ ہی ساتھ اب دھک دھک گرل پروڈکشن کے شعبے میں بھی قسمت آزمائی کرنے والی ہیں.

جی ہاں اطلاعات ہیں کہ مادھوری اور ان کے شوہر ڈاکٹر شہرام نے ممبئی میں انفنٹی مال کے نزدیک تین ہزار مربع فٹ پر محیط بلڈنگ لے لی ہے جہاں وہ ایک پروڈکشن ہاؤس کھولیں گے.مزید یہ کہ دونوں نےفلم میکرز کے ساتھ ڈیل کے لیے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی شروع کردیا ہے.جب کہ فلم ساز میں مادھوری کی شہرت اور اچھی ساکھ کی وجہ سے کافی دلچسبی کا مظاہرہ کررہے ہیں.اس لحاظ سے امید کی جارہی ہے کہ مادھوری کی بطور پروڈیوسر پہلی فلم اگلے سال تک سینماگھروں کی زینت بن جائے گی.

توفیق عمر کی برق رفتار ففٹی کی بدولت کولمبو میں پاکستان کا جارحانہ آغاز



سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگ میں توفیق عمر کو کھو کر 94 رنز بنا لیے ہیں

کولمبو میں ہونے والے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی.پاکستان کی طرف سے توفیق عمر اور محمد حفیظ نے شاندار اوپنگ سٹینڈ فراہم کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 78 رنز بنائے.خاص طورپر توفیق عمر بہت جارحانہ موڈ میں نظر آئے اور صرف 74 گیندوں پر 65 رنز کی شاندار اننگ کھیلی.وہ میتھیو کی گیند پر جے وردنے کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے.کھانے کے وقفے پر محمد حفیظ 20 اور اظہر علی بارہ رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے.

Friday, 29 June 2012

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان ایٹ پیک اے بی سی باڈی بنائیں گے

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے جب فلم اوم شانتی اوم میں اپنے باڈی مسلز شو کیے تھے تو دیکھنے والوں نے اسے بے حد پسند کیا .اوم شانتی اوم میں تو شاہ رخ خان کا باڈی شو  "سکس پیک اے بی سی " تک محدود تھا تاہم اب وہ فرح خان کی اگلی فلم "ہیپی نیو ائیر میں " ایٹ پیک اے بی سی" کا مظاہرہ کرنے والے ہیں.
 شاید شاہ رخ خان کے لیے یہ کام اتنا آسان نہ ہو کیونکہ  اسی فلم میں ان کے ساتھ ماضی کے حریف اور آج کے دوست سلمان خان بھی ہیں.سلمان خان کے ہوتے ہوئے شاہ رخ کے لئے اپنے مسلز کو خوبصورتی سے دکھانا کسی چیلنج سے کم نہیں ہوگا.ایسے میں جب کہ بالی ووڈ میں ہیرو کا بغیر شرٹس کے فلموں میں گھومنا پھرنا ایک رواج بن گیا ہے تو شاہ رخ خان بھی اب اس رنگ میں رنگے ہوئے نظر آنے لگے ہیں.پہلے فلم اوم شانتی اوم اور اب فرح خان کی اگلی پیش کش 'ہیپی نیو ائیر.اگرچہ ابھی تک اسی کوئی خبر نہیں آئی کہ کنگ خان نے اپنے باڈی مسلز کو ڈیویلپ کرنے کے لیے کوئی ایکسرزائز شروع کی ہو تاہم امید ہے کہ جلد یا بدیریہ بات بھی سامنے آجائے گی.

سوئس بینکوں میں صدر زرداری کی کوئی رقم موجود نہیں،فاروق ایچ نائیک کا انکشاف

وفاقی وزیر قانون و انصاف فاروق ایچ نائیک نے انکشاف کیا ہے کہ صدر آصف زرداری کی کسی بھی سوئس بینک میں کوئی رقم موجود نہیں ہے

 مقامی انگریزی اخبار سے اپنی خصوصی گفتگو میں فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ پوری اپوزیشن مل کر بھی صدر زرداری کے مبینہ سوئس بینک کھاتوں کے اکاونٹس نمبر دینے میں ناکام رہی ہے.فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ انھوں نے پارلیمنٹ میں اپوزیشن کو چیلنج کیا تھا کہ وہ ان کھاتوں کی تفصیلات فراہم کریں تاہم کسی کی جانب سے بھی معلومات فراہم نہیں کی گئیں.انھوں نے اپنے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ سارا عمل بے نظیر بھٹو کو بدنام کرنے کی سازش ہے. وزیر قانون نے کہا کہ سوئس عدالتوں میں مقدمات کھولنے سے پاکستان کے مفادات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا.


دو ہزارہ گیارہ میں ٹیسٹ کپتانی بھی چھوڑنا چاہتا تھا،گریم سمتھ کا انکشاف


جنوبی افریقہ کے ٹیسٹ کپتان گریم سمتھ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ وولڈکپ دوہزار گیارہ کے بعد تمام فارمیٹ کی کپتانی چھوڑنا چاہتے تھے تاہم کوچ گیری کرسٹن نے انھیں ایسا کرنے سے روک دیا تھا.

آٹھ برس تک ٹیسٹ ،ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں جنو بی افریقی ٹیم کی کپتانی کے فرائض سرانجام دینے والے گریم سمتھ دو ہزار دس میں ٹی ٹوئنٹی اور دو ہزار گیارہ میں ون ڈے کی قیادت سے دستبردار ہوگئے تھے.

اپنے حالیہ انٹرویو میں گریم سمتھ کا کہنا ہے کہ وہ دو ہزار گیارہ میں ٹیسٹ قیادت بھی چھوڑنا چاہتے تھے تاہم متبادل کپتان نہ ہونے کی وجہ سے انھیں کپتانی جاری رکھنے کا کہا گیا تھا.گریم سمتھ نے 99 ٹیسٹ میچز میں 49.64 کی اوسط سے 8042 رنز سکور کر رکھے ہیں.

سربجیت اور کرپال سنگھ کے مسلمان ہونے کا دعوی مسترد


لاہور کی جیل میں قید بھارتی جاسوس سربجیت سنگھ کے بارے میں مسلمان ہونے کا دعوی مسترد کردیا ہے.
بھارتی  میڈیا سے بات چیت میں سربجیت کی بہن دلبیر کور کا کہنا تھا کہ اس  کا بھائی سکھ تھا ،سکھ ہے اور سکھ رہے گا.دلبیر نے کہا کہ  سربجيت نے جيل ميں بھي سکھ گرو کي تصاوير رکھي ہوئي ہيں اور وہ مذہبي کتابيں بھي پڑھتا ہے. .
اس سے قبل ایک بھارتی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئےحال ہی میں کوٹ لکھپت جیل سے رہائی پانے والے بھارتی شہری  سرجیت سنگھ کا کہنا تھا کہ سربجیت اور کرپال سنگھ مسلمان ہو چکے ہیں.سرجیت نے کہا  سربجیت سنگھ کا اسلامی نام سرفراز جبکہ کرپال سنگھ کا نام محمد دین ہے.سرجیت نے کہا کہ شاید دونوں بھارتی قیدیوں نے رہائی کی امید پر اسلام قبول کیا ہے تاہم انہیں رہا نہیں کیا گیا.سرجیت کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکام سے رحم کی توقع نہیں کی جاسکتی.ان کا مزید کہنا تھا کہ سربجیت سنگھ دہشت گرد ہے اور دہشت گردوں کو نہ تو پاکستان رہا کرتا ہےا ور نہ ہی  بھارت نے کبھی ایسا کیا.

افغان طالبان نے پاکستان کے اشاروں پر چلنے کی تردید کردی


افغان طالبان نے قطر میں امریکہ سے مذاکرات کے لیے وفد بیجھنے سے قبل پاکستان سے اجازت طلب کرنے کی تردید کی ہے.

اپنی ویب سائٹ پر طالبان کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ اپنے فیصلے خود کرتے ہیں.افغان طالبان کے مطابق وہ اپنے تمام فیصلے اسلامی اصولوں اور قومی مفاد میں کرتے ہیں اور اس کے لیے کسی سے کوئی ہدایت نہیں لیتے.طالبان نے اپنے لیے آزاد ریاست کے نمائندے کی اصلاح استعمال کرتےہوئے کہا کہ قطر میں وفد بیھنے سے قبل پاکستان سے اجازت طلب نہیں کی گئی.
کرتے ہوئے کہا ہےکہ وہ اپنے فیصلے خود کرتے ہیں.

لارڈز میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دے دی


آسٹریلوی کپتان مائکل کلارک نے سیریز کے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے.

لارڈز میں کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا نے  بریٹ لی ،  کلنٹ میکی کے علاہ نئی دریافت  پیٹ کمنس کو بھی میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے.یہ کمنس کا انگلش سرزمین پر پہلا میچ ہوگا.ون  ڈے انٹرنیشنل کی عالمی رینکنگ میں اس وقت آسٹریلوی ٹیم پہلے نمبر پر ہے تاہم سیریز میں پانچ صفر سے فتح انگلینڈ کو نمبرون  پوزیشن کا مالک بنا دے گی.انگلش ٹیم ٹیسٹ کی عالمی رینکنگ میں پہلے ہی ٹاپ پوزیشن پر موجود ہے.

میمو کیس کی اگلی سماعت 12 جولائی کو ہوگی،فریقین کو نوٹسز جاری


سپريم کورٹ نے ميموگيٹ کيس کی سماعت کے لیے 12 جولائی کی تاریخ فکس کردی ہے.

مقدمہ کی سماعت چيف جسٹس افتخارمحمد چودھري کي سربراہي ميں نو رکني بنچ کرئے گا.عدالت نے سابق سفیر حسین حقانی اور میمو گیٹ کے مرکزی کردار منصور اعجاز سمیت تمام فریقین کو نوٹسز جاری کردیے ہیں.واضح رہے کہ میمو کمیشن گزشتہ سماعت کے دوران اپنی رپورٹ سپریم کورٹ کو پیش کر چکا ہے جس میں سابق سفیر حسین حقانی کو میمو لکھنے کا ذمہ دار ٹھرایا گیا تھا.

مالی خسارے کے سبب پی سی بی نے اٹھارہ ملازمین فارغ کردیے



انتظامی اخراجات کو کنٹرول کرنے کی غرض سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے اٹھارہ ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کردیا ہے.

پی سی بی ذرائع کے مطابق ملازمین کی تعداد کم کرنے کا فیصلہ گونرننگ کونسل کے لاڑکانہ میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا تھا.ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے پر اُن کوچز اورملازمین کو فارغ کیا جارہا ہے جن کی عمریں ساٹھ سال سے ذیادہ ہیں.اس کے بعد ایچ آر ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے دیگر ملازمین کی بھی چھانٹی کی جائے گی.واضح رہے کہ غیر ملکی ٹیموں کے پاکستان نہ آنے کی وجہ سے گزشتہ دو سالوں سے پی سی بی کو مالی خسارے کا سامنا ہے.


انٹیگریٹی کمیٹی نے کامران اکمل کو کلین چٹ دے دی


پاکستان کرکٹ بورڈ کی انٹیگریٹی  کمیٹی نے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کو کلین چٹ دے دی ہے.
 

ذرائع کے مطابق  انٹيگريٹي کميٹي کی جانب سے کلیئرنس کے بعد آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامران اکمل کی واپسی کا امکان پیدا ہوگیا ہے. پاکستان کی جانب سے 53 ٹيسٹ اور 137 ون ڈے ميچز کھیلنے والے کامران اکمل نے آخری مرتبہ دو ہزار دس میں گرین شرٹس کی نمائندگی کی تھی.دوسری جانب چیف سلیکٹر اقبال قاسم کا کہنا ہے کہ انہیں کامران اکمل کی کلرئینس سے متعلق ابھی باضابطہ کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے.

وزیر اعظم پرویز اشرف اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر کابل جائیں گے



وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر اگلے ماہ کابل جائیں گے.

دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق وزیر اعظم جولائی کے وسط میں افغانستان جائیں گے جہاں وہ افغان حکام سے طالبان کے ساتھ امن مذاکرات سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گے.وزیر خارجہ حناربانی کھر نے بھی وزیر اعظم کے دورہ افغانستان کی تصدیق کی ہے.حناربانی نے  افغان سفیر کے ساتھ ملاقات میں انہیں بتایا ہے کہ وزیر اعظم نے صدر حامد کرزئی کی دعوت قبول کر لی ہے.وزیر خارجہ نے افغان سفیر کو بتایا کہ پاکستان افغان افواج کی امداد کے لیے دو کروڑ امریکی ڈالر مختص کرئے گا.

Thursday, 28 June 2012

ینگ ڈاکڑوں کی ہڑتال لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردی گئی

پنجاب ميں ينگ ڈاکٹروں کي طرف سے مطالبات کی منظوری کے لیے کی جانی والی ہڑتال کو لاہور ہائي کورٹ ميں چيلنج کردياگيا ہے.

اظہر صدیقی ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کردہ دارخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ڈاکٹروں کی ہڑتال اور رویئے کا سخت نوٹس لیا جائے.درخواست میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹروں کی طرف سے مریضوں کے علاج سے انکار کرنا مقدس پیشے کی نفی اور آئین میں دیے گئے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے.درخواست ميں کہاگياہے کہ ہڑتالي ڈاکٹروں کے لائسنس فوري طورپرمنسوخ کئے جائيں اور اگر ہڑتال کے باعث کوئی  ہلاکت ہو تو اس کی ذمہ داری بھی ہڑتالی ڈاکٹروں پر ڈالی جائے.

یمن کا القاعدہ کو مار بھگانے کا دعوی


یمن کے وزیر خارجہ ابوبکر القربی نے کہا ہے کہ ان کی فوج نے ملک کے جنوبی حصوں سے القاعدہ جنگجوؤں کو مار بھگایا ہے اور اب وہ قریبی ریاستوں میں روپوش ہوگئے ہیں.

غیر ملکی خبررساں ادارے سے بات  چیت کرتے ہوئے یمنی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ انھوں نے ملک کے شہروں اور قصبوں سے القاعدہ کے دہشت گردوں کو بھاگنے پر مجبور کردیا ہے اور اب ان کا پیچھا کیا جارہا ہے.ابوبکر القربی نے کہا کہ فرار ہونے والے شدت پسندوں میں سے ذیادہ تر عمان کی طرف نکل گئے ہیں.ان کا کہنا تھا کہ سیکورٹی افواج ہمسایہ ممالک سے رابطے میں ہیں کیونکہ دہشت گرد یمن کے لیے ہی نہیں بلکہ دیگر ممالک کے لیے بھی خطرہ ہیں.

ڈاکٹر ارسلان نے مشترکہ تحقیقات پر تحفظات کا اظہار کردیا

ڈاکٹر ارسلان نے ملک ریاض سے رقم لینے کے معاملے پر  نیب اور ایف آئی اے کی مشترکہ تحقیقات پر تحفظات کا اظہار کردیا ہے.

چئیرمین نیب کے نام اپنے وکیل کے توسط سے  لکھے گئے ایک خط میں ڈاکٹر ارسلان نے موقف اختیار کیا کہ اٹارنی جنرل نے نیب کو مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے لیے خط لکھ کر اپنی حدود سے تجاوز کیا.ان کا کہنا تھا کہ اٹارنی جنرل کو کوئی اختیار حاصل نہیں کہ وہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے قیام کے لیے نیب چئیرمین پر دباؤ ڈالیں یا یہ بتائیں کہ کون سی ایجنسی تحقیقات کرئے گی.ڈاکٹر ارسلان نے کہا کہ اٹارنی جنرل کو سپریم کورٹ کے جج اور بعد ازاں پراسیکیوٹر جنرل نیب کے عہدے سے ہٹایا گیا ،اسی بنا پر وہ چیف جسٹس سے ذاتی عناد رکھتے ہیں.

خیبر ایجنسی سے چھ نامعلوم افراد کی لاشیں برآمد



خیبرایجنسی کی تحصیل باڑہ سےچھ لاشیں ملی ہیں جنہیں گولیا ں مار کر ہلاک کیا گیا تھا

ذرائع کے مطابق خیبرایجنسی کی تحصیل باڑہ کےعلاقے  کاریگر چھ نامعلوم افراد کی لاشیں ملی ہیں .ذرائع کا کہنا ہے کہ لاشیں بظاہر دہشت گردوں کی لگےی ہیں تاہم ابھی ان کی شناخت ہونا باقی ہے.اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں جنھوں نے لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا ہے.

کیمرون منٹر کا امریکا اور پاکستان کے درمیان غلط فہمیوں کے ازالے پر زور

 پاکستان میں امریکی سفیر کیمرون منٹر نے کہا ہے واشگٹن اور اسلام آباد کے درمیان غلط فہمیوں کے ازالے کی ضرورت ہے.

پاکستان ٹیلی ویژن سے بات چیت کرتے ہوئے کیمرون منٹر کا کہنا تھا کہ مستحکم اور پرامن افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے.کیمرون منٹر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ  سلالہ کا واقعہ بدقسمتی تھی..انھوں نےکہا کہ امریکا انرجی اور صحت کے شعبوں میں پاکستان کی امداد کرئے گا..

پلانٹڈ انٹرویو پر ملک ریاض،مبشر لقمان اور مہر بخاری کو نوٹسز جاری

.
ملک ریاض کے پلانٹنڈ انٹرویو پر مبشر لقمان ،مہر بخاری سمیت فریقین کو نوٹسز جاری سپريم کورٹ نے توہين عدالت کي درخواست ميںملک رياض حسين کے ٹي وي انٹرويو اسکينڈل کے سلسلے میں  فريقين کو نوٹس جاري کردئے ہيں.
ٹی وی پروگرام میں دوران وقفہ والی گفتگو سے متعلق توہين عدالت کي درخواست  پرسماعت  جسٹس شاکراللہ جان کي سربراہي ميں تين رکني بنچ نے کی. عدالت نے  چيئرمين پيمرا ،ملک رياض حسين، مياں عامر ، مبشر لقمان اور مہر بخاري کو نوٹس جاري کرتے ہوئے سماعت دو ہفتوں کے لئے ملتوي کردي.

یوسف رضا گیلانی کہتے ہیں جو چاہا وزارت عظمی کے دور میں پالیا


سابق وزيراعظم يوسف رضا گيلاني نے کہاہے انھوں نے اپنی وزارت عظمی کے دور میں جو کچھ چاہا وہ حاصل کر لیا.

لاہور ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ان کي خواہش تھی کہ وہ باوقار طريقے سے وزارتِ عظمی کا عہدہ چھوڑيں، ان کي يہ خواہش پوري ہو گئی.ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے عدالت عظمی کی طرف سے نااہلی کی سزا قبول کی.سابق وزیر اعظم نے کہا کہ وہ چاہتے تھے کہ جب بھي جائيں،باوقارطريقے سے جائيں.ان کا کہنا تھا کہ  وہ پارليمنٹ کي بالادستي چاہتے تھے،ان کي يہ خواہش بھی پوري ہوگئی.يوسف رضاگيلاني نے مزيد کہا کہ وزيراعظم آتے جاتے رہتے ہيں، اسمبلي کومدت پوري کرني چاہئے.

سلمان خان نے اعصابی بیماری کی خبروں کی تردید کر دی


سلمان خان کے چاہنے والوں کی لیے خوشخبری ہے اور وہ یہ ،کہ ان کے پسندیدہ ہیرو پوری طرح صحت مند ہیں اورخبروں کے برعکس  ایکشن فلموں میں کام جاری رکھیں گے.
سلمان خان کے بارے میں کچھ روز قبل خبر آئی تھی کہ انہیں اعصابی کمزوری کی وجہ ڈاکٹروں نے ایکش سین فلم بند کرانے سے روک دیا ہے.سلوبھائی کی فیملی بھی اس خبر پر پریشان ہو گئی تھی اور ان کے بھائی ارباز خان انھیں ہر ممکن طریقے  ایکشن سے دور رکھنے کی کوششوں میں مصروف تھے.خبر میں یہاں تک کہا گیا تھا کہ ایک معمولی سا پنچ بھی سلمان خان کی صحت کو کافی نقصان پہنچا سکتا ہے.مگر سلمان خان کو جاننے والوں کو خوب پتہ تھا کہ من موجی  دبنگ خان دوسروں کے مشورے کو کتنی وقعت دیتے ہیں.اسی لیے اب سلمان خان نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بیماری کی خبروں کو ہنسی میں اڑا تے ہوئے کہا کہ لگتا ہے مشورے دینے والے کو ان سے بھی ذیادہ درد محسوس ہو رہا ہے.سلمان نے کہا کہ وہ ایکشن سینز کے لیے بالکل فٹ ہیں اور اب بھی دبنگ ٹو میں ایسا ہی کردار ادا کررہے ہیں.

ایفی ڈرین کیس میں مخدوم شہاب الدین کی عبوری ضمانت منظور

لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں سابق وفاقی وزیر صحت مخدوم شہاب الدین کی عبوری ضمانت منظور کر لی ہے.

ایفی ڈرین کوٹہ کیس کی سماعت جسٹس اعجاز احمد اور جسٹس علی باقر نجفی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی.مخدوم شہاب الدین نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ کیمیکل کوٹہ دینے کا اختیار ڈی جی ہیلتھ کے پاس ہوتا ہے وزیر کے پاس نہیں.درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ انہیں وزیراعظم بننے سے روکنے کی سازش کی گئی ہے، لٰہذا ان کی عبوری ضمانت منظور کی جائے۔عدالت نے تین جولائی تک عبوری ضمانت  منظور کرتے ہوئے مخدوم شہاب الدین کو ایک لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے.

تحریک انصاف کے پارٹی الیکشن اگست یا سمتبرمیں ہونگے


تحریک انصاف کے پارٹی الیکشن اگست کے آخر یا سبتمر کے آغاز میں ہونگے جس میں عمران خان اور جاوید ہاشمی سمیت تمام پارٹی عہدیداران شرکت کریں گے.

تحریک انصاف پنجاب کی سیکر ٹری انفارمیشن عندلیب عباس کے مطابق پارٹی کی رکنیت سازی مہم تیس جون کو اپنے اختتام کو پہنچ رہی ہے.عندلیب عباس کا کہنا ہے کہ رکنیت سازی مہم میں 35 لاکھ افراد نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی ہے جو ہدف کے قریب ترین  ہے.انھوں نے کہا کہ ان کی جماعت انتخابات میں تاخیر برداشت نہیں کرئے گی اور اگر ایسا کیا گیا تو بھرپور احتجاج کیا جائےگا.

دانش کنیریا نے سزا کو امتیازی اور غیر منصفانہ قرار دے دیا


پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیگ سپینر دانش کنیریا نے انگلش کرکٹ بورڈکی طرف سے اپنے اوپر  لگائی جانے والی  تاحیات پابندی کو امتیازی اور غیر منصفانہ قرار دیا ہے.

ای سی بی پینل نے اسسیکس کاؤنٹی کی طرف سے کھیلتے ہوئے میچ فکسنگ ثابت ہونے پر دانش کنیریا پر تاحیات پابندی اور ایک لاکھ پاؤنڈ جرمانہ عائد کیاتھا.انگلش بورڈکے اس فیصلے کی توثیق آئی سی سی نے بھی اپنے کوالمپور میں ہونے والے اجلاس کے دوران کردی ہے.سزا پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے دانش کنیریا کا کہنا ہے کہ انگلش بورڈ نے ان سے امتیازی اور غیرمنصفانہ سلوک کیا ہے.انھوں نے کہا کہ وہ اپیل کا حق استعمال کرتے ہوئے انگلش بورڈ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کریں گے

پانچویں پنالٹی لگانے کی حسرت کرسٹیانو رونالڈو کے دل میں ہی رہ گئی


پرتگال فٹبال ٹیم کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو نے تصدیق کی ہے کہ وہ سپین کے خلاف سیمی فائنل میں  پانچویں پنالٹی کے لیے تیار تھے تاہم باری نہ آنے کی وجہ سے یہ حسرت ان کے دل میں ہی رہ گئی.
یور کپ کے سیمی فائنل میں پرتگال سے اس وقت میچ ہاتھ سے نکل گیا تھا  جب جوآو موٹینہو اور برنو الواس   دوسری اور تیسری پنالٹی کو گول میں تبدیل کرنے میں ناکام ہو گئے.ان دو مواقعوں کو کھونے کےبعد کپتان رونالڈو کے پاس کوئی چانس نہیں تھا کہ وہ اکر کاسیلاس  کے گول کا جواب دیتے کیونکہ ان کی ٹیم اس سے قبل ہیں چار دو کے خسارے میں جا چکی تھی.میڈیا سے بات چیت میں رونالڈو کا کہنا تھا کہ کو چ نے ان سے پوچھا تھا کہ کیا وہ پانچویں پنالٹی لگائیں گے ? جس کے جواب میں انھوں نے ایسا کرنے کی حامی بھر لی تھی.رونالڈو نے تسلیم کیا کہ پنالٹیز پر مواقع گوانے کے بعد ان کی ٹیم میچ نہیں جیت سکتی تھی تاہم ان کا کہنا تھا کہ پرتگا ل کےلیے ٹورنامنٹ کافی اچھا رہا.

ہاں میں جاسوس تھا" سرجیت سنگھ نے بھارت پہنچتے ہی اعتراف کر لیا


پاکستان کی جیل میں 27 سال تک سزا بھگتنے والے بھارتی قیدی سرجیت سنگھ نے بھارتی سر زمین پر قدم رکھتے ہی  اعتراف کیا ہے کہ وہ  پاکستان میں جاسوسی کےلئے گئے تھے.

واہگہ بارڈر پر بھارت کی حدود میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرجیت سنگھ کا کہنا تھا کہ میں بھارتی فوج کی جانب سے پاکستان میں جاسوسی کی غرض سے گیا تھا. سجیت سنگھ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کو ایک دوسرے کے قیدی رہا کردینے چاہیں.سرجیت نے کہا  کہ پاکستان میں بھارتی قیدیوں سے اچھا سلوک کیا جاتا ہے.ایک سوال کے جواب میں سرجیت سنگھ کا کہنا تھا کہ وہ دوبارہ پاکستان نہیں جانا چاہتے کیونکہ ایجنسیاں ان پر پھر سے شک کریں گی.اس سے قبل سرجیت سنگھ جب واہگہ بارڈر پہنچا تو اس کے استقبال کے لیے عزیز و اقارب کے علاوہ بھارتی حکام بھی موجود تھے.

Wednesday, 27 June 2012

خیبر ایجنسی میں دھماکہ ،امن لشکر کے دو اہلکار جاں بحق




خیبر ایجنسی کے علاقے رخا خیل میں بم دھماکہ ہوا ہے جس میں امن لشکر کے دو ارکان جاں بحق ہو گئے ہیں.

ذرائع کے مطابق امن لشکر کے دو ارکان موٹر سائکل پر سوار جا رہے تھے کہ ریمورٹ کنٹرول بم کی زد میں آکر موقع پر جاں بحق ہو گئے.واقعے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیاجبکہ جاں بحق ہونے والوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے.

کراچی میں فائرنگ اور دستی بم حملوں میں 5 شہری جاں بحق

کراچی میں  فائرنگ اور دستی بم کے حملوں میں 5 شہری جاں بحق اور 15 زخمی ہو گئے ہیں.

پولیس کے مطابق  اردو بازار کے قریب سائیکل سواروں نے  دکاندار سدھیر کو گولیاں مارکر ہلاک کردیا. نیو کراچی صنعتی ایریا میں نجی کمپنی کے باہر فائرنگ سے زوہیب نامی شخص قتل ہو گیا جبکہ رام سوامی سے بھی بوری بند لاش برآمد ہوئی۔ ڈالمیا میں نا معلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کیا جس میں ایک خاتون شکیلہ جاںبحق اور 5 افراد زخمی ہو ئے۔ پرانی سبزی منڈی کے قریب کراچی بلڈنگ کنٹرول اتھاڑی کے افسر کی گاڑی پر گولیاں لگنے سے صفدر مگسی اور ان کا ڈرائیور زخمی ہوا۔ابوالحسن اصفہانی روڈ پر بھی کار پر کئے گئے حملے میں ایک شخص زخمی ہوگیا. دوسری جانب رینجرز نے گھر گھر تلاشی کر کے چارمشتبہ افراد  کو حراست میں لے لیا ہے.

امریکا اب حقانی نیٹ ورک سے بھی مذاکرات کا خواہشمند



اوباما انتظامیہ طالبان کی طرح اب حقانی  نیٹ ورک سے بھی مذاکرات کرنا چاہتی ہے جبکہ اس مقصد کے لیے پاکستان سے تعاون کرنے پر  زور دیا  جا رہا ہے.

انتہائی معتبر ذرائع کے مطابق امریکا پاکستان سے اپنے تعلقات کی بحالی اور حقانی نیٹ ورک پر اختلافات کے خاتمے کے لیے چاہتا ہے، کہ اسلام آباد شدت پسند گروپ کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے آمادہ کرئے.اوباما انتظامیہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا اب اس پالیسی پر عمل پیرا ہے کہ اگر شدت پسندوں کو شکست نہیں دے سکتے تو ان میں شامل ہو جاؤ.یہی وہ پالیسی تھی جو واشگٹن کو کئی سال کی جنگ کے بعد افغان طالبان کے معاملے پر اپنانا پڑی.ذرائع نے انکشاف کیا کہ امریکا اور حقانی نیٹ ورک کے درمیان دو سال قبل بھی  پاکستانی خفیہ ایجنسی کے تعاون سے بات چیت ہوئی تھی تاہم وہ مذاکرات ناکام ہو گئے تھے جبکہ اسی دوران پاک امریکا تعلقات میں کشیدگی پیدا ہو گئی تھی.

بھارتی قیدی سرجیت سنگھ کو رہائی مل گئی


 کوٹ لکھپت جیل میں 27 سال سے قید بھارتی شہری سرجیت سنگھ کو رہائی مل گئی ہے
 

سرجیت سنگھ کو 1982 میں گرفتار کیا گیا تھا ، 1985 میں پاکستان آرمی ایکٹ کے دوران اسے پھانسی کی سزا ہوئی  جسے صدارتی حکم پر عمر قید میں تبدیل کردیا گیا تھا. رہا ہونے والے سرجیت سنگھ کوسیکیورٹی کے سخت  پہرے میں واہگہ بارڈر روانہ کر دیا گیا ہے جہاں اسے بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔ دوسری جانب سرجیت سنگھ کی فیملی  بھی انہیں لینے کے لیے واہگہ بارڈر پہنچ گئی ہے.

ڈاکٹر ارسلان کیس پر نیب میں آج اہم پیش رفت کا امکان


سپریم کورٹ کی ہدایت پر چئیرمین نیب کی جانب سے ڈاکٹر ارسلان کیس کی تحقیقات کے لیے مشترکہ دس رکنی تحقیقاتی ٹیم کی   آج منظوری دیے جانے کا امکان ہے.

ذرائع کے مطابق نیب کا سنیئر عہدیدار تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی کرے گا جبکہ دیگر ایف آئی ،پولیس ،بیکنگ اور لیگل سیکٹر سےلیے جائیں گے.ذرائع کے مطابق ٹیم کے اعلان کے بعد اس کے کام کا دائرہ کار واضح کیا جائے گا.ذرائع نے بتایا کہ ٹیم ہفتہ وار بنیادوں پر اپنی تحقیقی پیش رفت سے چئیرمین نیب کو آگاہ کرئے گی.واضح رہے کہ نیب نے گزشتہ ہفتے اٹارنی جنرل کی جانب سے کیس کی تحقیقات کے لیے مشترکہ ٹیم کے قیام کے حوالے سے خط وصول کیا تھا.

الیکشن کمیشن نے اگلے عام انتخابات کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کردیا

اليکشن کميشن نے  سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں آئندہ عام انتخابات کے لئے ضابطہ اخلاق کي منظوری دے دی ہے.

اليکشن کميشن کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق پولنگ اسٹيشن کے قريب اميدوار کی طرف سے  پولنگ کيمپ پر پابندي ہوگي .ووٹر کو اميدوار کي طرف سے ووٹ پرچي اور ٹرانسپورٹ دينے پر بھی  پابندي ہوگی. ضابطہ اخلاق ميں کہاگيا ہے کہ قومي و صوبائي اسمبلي اميدوار کے انتخابي خرچ کي حد 15 لاکھ روپے مقررہے. اعلاميہ ميں کہا گيا ہے کہ انتخابي خرچ کا خصوصي اکاؤنٹ ہوگا اور امید وار کو  ہفتہ وار خرچ کي تفصيلات بھي دينا ہوں گی.اس کے لیے الیکشن کمیشن نے وال چاکنگ پر بھی پابندی لگائی اوراعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ لوڈ سپیکر کا استعمال صرف جلسہ میں ہوگا

شازیہ مری رکن قومی اسمبلی منتخب ہو گئیں

پيپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والی شازیہ مری فوزیہ وہاب کی وفات کی وجہ سے خالی ہونے والی خواتین کی مخصوص نشست پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوگئی ہیں. 

اليکشن کميشن نے ان کا  کا بطور ممبر قومي اسمبلي نوٹي فکيشن جاري کر ديا ہے.شازیہ مری دو دفعہ سندھ کی وزیر اطلاعات رہیں اورانھیں صدرزرداری کے کافی قریب سمجھا جاتا ہے.


حج کرپشن کیس کی تحقیقات کے لیے واپس نہ آنے پر حسین اصغر کے خلاف کاروائی کا حکم


سپریم کورٹ نے حج کرپشن کیس میں تحقیقات کے لیے واپس نہ آنے والے  آئی جی گلگت بلتستان حسین اصغر کو معطل کر کے ان کے خلاف کاروائی کا حکم دیا ہے.
حج کرپشن کیس کی سماعت چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نےکی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ حسین اصغر اگر عدالتی احکامات پر عمل نہیں کرتے تو ان کی تنخواہ بند کردی جائے۔ چیف جسٹس نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ حسین اصغر عدالت میں پیش کیوں نہیں ہوئے، کیا وہ  وزیرإعظم سے بڑے ہیں? ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا  بلانے کے باوجود حیسن اصغر نہیں آئے۔ اس پر عدالت نے حکم دیا کہ  حسین اصغر کو آئی جی گلگت بلتستان کے عہدے سے معطل کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

کراچی سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان برقرار


کراچی سٹاک مارکیٹ میں آج صبح سے مثبت رجحان برقرار ہے اور دوپہر کے ٹریڈنگ سیشن تک ہینڈرڈ انڈکس 60.30 پوائنٹس کے اضافے کے بعد 13716.34 کی سطح پر آگیا ہے.


دوسری جانب اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالرکی قیمت خرید 95.40 روپے اور قیمت فروخت 95.80 روپے ہے.مارکیٹ میںدس گرام سونے کی قمیت سنتالیس ہزار چھ سو بائیس روپے ہے.

بجلی کے بلوں میں ایک روپے اکاون پیسے فی یونٹ کا اضافہ


نيپرا نے ماہ مئي کے بجلي بلوں ميں فيول ايڈجسٹمنٹ کي مد ميں في يونٹ تقريبا ڈيڑھ روپيہ کا اضافہ کرنے کي منظوري دے دي ہے .


 نيشنل پاور جنريشن کمپني نے فيول ايڈجسٹمنٹ کي مد ميں ماہ مئي کيلئے بجلي نزخوں کو 1 روپيہ 52 پيسے بڑھانے کي درخواست دي تھي، نيپرا نے آج اسکي سماعت کرتے ہوئے 1 روپيہ 51 پيسے في يونٹ ، اضافہ کرنے کي منظوري دے دي، يہ اضافہ ملک کي تمام 9 بجلي تقسيم کار کمپنيوں کے صارفين پر لاگو ہوگا تاہم کراچي اليکٹرک سپلائي کمپني پر اس کا نفاذ نہيں ہوگا، بڑھائے گئے نزخوں کي وصولي ماہ دسمبر کے بجلي بلوں ميں وصول کي جائے گي.

سشمیتا سین نے شادی کا فیصلہ کر لیا


بالی ووڈ اداکارہ سشمیتا سین فلموں میں واپسی کے ساتھ ہی شادی کا فیصلہ بھی کر لیا ہے.

جی ہاں ! سشمیتا سین کے فین انھیں دوسال کے عرصے کےبعد ایک بار پھر پردہ سکرین پر جلوہ افروز ہوتا دیکھ سکیں گے.36 سالہ سابقہ مس یونیورس آخری مرتبہ دوہزار دس میں فلم "نوپروبلم" میں جلوہ گر ہوئی تھیں.ساتھ ہی ساتھ سشمیتا نے اپنی شادی کی خبر بھی بریک کر دی ہے تاہم انھوں نےاس سوال کا جواب  ہنسی میں اڑا دیا کہ وہ کس سے شادی کرنے جارہی ہیں.خوبرو اداکارہ کا کہناتھا کہ ان سے شادی کے خواہشمند بہت سے لوگ ہیں لیکن فی الحال وہ پہلے کچھ کام کرلینا چاہتی ہیں.فلموں میں واپسی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی نئی فلم کا اعلان اس سال اکتوبر اور نومبر کے درمیان کریں گی.جب سشمیتا سے یہ پوچھا گیا کہ انھوں نے پہلے کسی پروجیکٹ پر کام کیوں نہیں کیا تو انھوں نے اس کی وجہ اپنی بیٹی علیشہ کو قراردےدیا.ان کا کہنا تھا کہ دو ہزار دس میں علیسہ محض ایک سال کی تھی اس لیے ان کا کسی فلم میں کام کرنا مشکل تھا.یاد رہے کہ سشمیتا نے تین ماہ کی ایک بچی کو گودلیا تھا اور اس کا نام علیسہ رکھا تھا.

سرجیت دیا تو سربجیت بھی دو،بھارت کا مطالبہ

بھارتی وزير خارجہ ايس ايم کرشنا نے پاکستان سے  سربجيت سنگھ کو فوری رہائی کا مطالبہ کردیا ہے.

بھارتي ميڈيا رپورٹس کے مطابق صحافيوں سے گفتگو ميں ايس ايم کرشنا نے کہا کہ پاکستان کو سربجيت سنگھ کے کيس پر ہمدردانہ غور کرنا چاہيے.ایس ایم کرشنا نے ایسے تمام بھارتی قیدیوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا جو پاکستان میں اپنی سزا مکمل کر چکی ہیں. بھارتي وزير خارجہ نے کہا کہ بھارت سرجيت سنگھ کي رہائي کا خير مقدم کرتا ہے.یاد رہے کہ گزشتہ رات بھارتی قیدی سربجیت سنگھ کی رہائی سے متعلق  خبریں میڈیا پر چلنے کے بعد صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر نے اس بارے میں تردید کردی تھی.ان کا کہنا تھا کہ سربجیت نہیںبلکہ سرجیت سنگھ کو رہا کیا جارہا ہے.

وینا ملک کو کنوارے پن کا روگ لگ گیا

جب سے وینا ملک کےرئیلٹی شو "وینا کا سویموار" کا چرچا عام ہوا ،جیون ساتھی سے متعلق ان کی امیدیں بھی جاگ اٹھیں.لیکن پھر جیسے ہی رئیلٹی شو کے کینسل ہونے کی خبریں آئیں تو شادی کے حوالے سے اداکارہ کی امیدوں کے دیئے بھی بجھتے چلے گئے.

شادی کی آس کے دم توڑتے ہوئے اب وینا جی کو ایک نیا روگ لگ گیا ہے اور وہ یہ، کہ انہیں لگتا ہے کہ وہ شاید کبھی رشتہ ازدواج سے منسلک نہ ہو سکیں.حال ہی میں ایک خبررساں ادارے کو اپنے انٹرویو میں وینا نے انکشاف کیا کہ جب وہ چودہ سال کی تھیں، تب سے ان کی شادی کی تاریخی طے اور کینسل ہوتی رہی ہیں.وینا کا کہنا تھا کہ اس دوران شادی نہ ہونے کی وجہ وہ خود تھیں چونکہ چاردفعہ شادی کی تاریخ طے ہونے کے بعد انھوں نےانکار کردیا تھا.مگر اس مرتبہ جب وینا ملک خود شادی کے لیے پرجوش تھیں تو ایک مرتبہ پھر ان کا اس حوالے  خواب ادھورا رہ گیا.اسی بابت خود ان کا کہنا ہے کہ شاید ان کی شادی کے ساتھ کوئی نحوست جڑ گئی ہے جس کی وجہ سے انھیں جیون ساتھی ڈھونڈے میں رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے.مایوس وینا نے یہاں تک کہہ دیا کہ انہیں لگتا ہے کہ شاید ان کی کبھی شادی ہو نہیں سکے گی.

Tuesday, 26 June 2012

سوئس حکام کو خط لکھنے سے متعلق نئے وزیر اعظم سے بھی جواب طلب

سپریم کورٹ نے این آر او عمل درآمد کیس میں سوئس حکام کو خط لکھنے کے حوالے سے وزیر اعظم  راجہ پرویز اشرف سے جواب طلب کرلیا ہے

این آر او عمل درآمد کیس کی سماعت جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی. جسٹس ناصر المک نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ سابق وزیر اعظم کو اسی کیس میں سزا ہوئی، توقع ہے کہ نئے وزیر اعظم عدالتی حکم نامے پر عمل درآمد کرینگے.عدالت نے اٹارني جنرل کو حکم دیا کہ  کہ وہ وزيراعظم سے سوئس حکام کو خط لکھنے کی بابت  پوچھ کر عدالت کوآگاہ کریں.بعد ازاں کیس کی سماعت اکیس جولائی تک ملتوی کر دی گئی.

خالد محمد شیخ پر دوران حراست تشدد کے خلاف اقوام متحدہ سے تحقیقات کا مطالبہ

 نائن الیون حملوں کا خود سے اعتراف کرنے والے خالد محمد شیخ کے وکلاء نے گوانتاناموبے میں قید کے دوران اپنے موکل پر تشدد کے خلاف اقوام متحدہ سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے.
تشدد سے متاثرہ افراد کے عالمی دن کے موقع پر خالد شیخ کے وکلاءکا کہنا تھا کہ انھوں نے اپنے موکل پر تشدد کے خلاف عالمی ادارے کو خط لکھا ہے.خط خالد شیخ پر فرد جرم عائد ہونے سے قبل 5 مئی کو لکھا گیا تھا.خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ تشدد کے واقعات کی آزادانہ ،منصفانہ اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کی جائیں.واضح رہے کہ ایک امریکی خفیہ ادارے کی رپورٹ میں خالد شیخ پر دوران حراست بدترین تشدد کا اعتراف کیا گیا تھا.

گییلانی کا دامن پارلیمنٹ کے ذریعے صاف کرنے کی تیاریاں


پیپلز پارٹی سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کا دامن پارلیمنٹ کے ذریعے صاف کرنے کے لیے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں دونوں ایوان کے آئیندہ اجلاس میں ایک قرارداد پیش کی جائےگی.

اخبار دی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائک ان دنوں قرارداد کا مسودہ تیار کر رہے ہیں.مذکورہ قرارداد یوسف رضا گیلانی کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلےسے مرتب ہونے والے اثرات کو زائل کرنے کی کوشش کہی جاسکتی ہے.دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت چیف جسٹس کے مواخذے کے لیے کوئی آئینی ترمیم نہیں لا رہی کیونکہ ایسا کرنا آئین کے بنیادی ڈھانچے کے خلاف ہوگا.

میاں برادران کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس پر انکوائری کا فیصلہ چند روز میں متوقع

 مشیر داخلہ رحمن ملک کی جانب سے   میاں برادران کے خلاف نیب کو بیجھے گئے منی لانڈرنگ ریفرنس  کی انکوائری فیصلہ آئندہ دو روز میں ہونے کی توقع ہے.


ذرائع کے مطابق آئندہ دو روز میں نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس منعقد ہونے والا ہے جس میں منی لانڈرنگ سمیت میاں برادران کے خلاف دیگر کیسز کا جائزہ لیا جائےگا.نیب کی لیگل ٹیم نے منی لانڈرنگ ریفرنس سے متعلق اپنی چھان بین مکمل کر کے سفارشات پراسیکوٹر جنرل کو ارسال کردی ہیں.ذرائع کے مطابق سفارشات کی روشنی میں ایگزیکٹو بورڈ منی لانڈرنگ ریفرنس سے متعلق انکوائری  کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرئے گا.


وزارت تجارت کا این آئی سی ایل کیس کے ذمہ داروں کے خلاف مقدمات کے لیے ایف آئی کو خط،مخدوم امین فہیم کا ذکرگول

وزارت کامرس نے بالآخر ایف آئی اے کو این آئی سی ایل میں اربوں روپے کے فراڈ کی مزید تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف مقدمات کے اندراج کے لیے خط لکھ دیا ہے.


ذرائع کےمطابق خط میں فراڈ کے ذمہ داروں کا تعین اور ان کے خلاف کیسز کے اندراج کا کہا گیا ہے تاہم اس میں وزیر تجارت مخدوم امین فہیم سمیت کسی کا نام واضح نہیں کیا گیا.اس سے قبل 23 جون کو کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے سیکرٹری کامرس اور ایف آئی اے کو مخدوم امین فہیم اور چئیرمین این آی سی ایل ایاز خان نیازی  کے اکاؤنٹ میں 41.5 ملین روپے کی ٹرانزیکشن سے متعلق تحقیقات کی ہدایت کی تھی.تاہم سیکرٹری کامرس ظفر محمود نے مقامی انگریزی اخبار کو وضاحت کی ہے کہ انھوں نے ایف آئی اے کو کسی کا نا م لے کر تحقیقات کرنے یا مقدمات کے اندراج کا نہیں کہا ہے بلکہ مزید تحقیقات کر کے معاملہ واضح کرنے کو کہا ہے.

صدارتی ترجمان کی جانب سے سربجیت سنگھ کی رہائی کی تردید


صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر نے بھارتی دہشت گرد سربجیت سنگھ کو رہا کرنے کے حوالے سے میڈیا پر چلنے والی خبروں کی تردید کردی ہے.
 

ترجمان نے اپنے ایک وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ سربجيت سنگھ کو نہيں بلکہ سرجيت سنگھ ولد سچا سنگھ کو رہا کيا جارہا ہے.انھوں نے کہا کہ سرجيت سنگھ نے اپني سزا مکمل کرلي ہے اور اسکي سزا عمر قيد ميں تبديل کي گئي تھي.صدرآصف زرداري کا سرجيت سنگھ کي سزا معاف کرنے سے بھي کوئي تعلق نہيں.سرجيت سنگھ کي سزائے موت سابق صدر غلام اسحاق خان کے دور ميں نوے کے عشرے ميں بدلي گئي .انھوں نے کہا کہ سربجيت سنگھ کي سزائے موت ختم نہيں کي گئي ہے.
            

محمد مرسی کی خارجہ پالیسی کیا ہوگی ؟؟


مصر کے ہمسایہ ممالک اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ نئے صدر کے آنے سے مصری خارجہ پالیسی میں کیا تبدیلی متوقع ہے۔ تاہم ان کو فی الحال اس بات کی فکر نہیں کرنی چاہیے کیونکہ خارجہ پالیسی کا کنٹرول مصر کی ملٹری کونسل کے پاس ہے۔ مصر کے نئے سیاسی نظام کی شکل اس سال کے آخر تک واضح ہو گی۔ لیکن اس کے باوجود حکومت سیاسی نظام کو بہتر کرنے میں ہی مصروف رہے گی۔

بی بی سی نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ اخوان المسلمون نہایت محتاط جماعت ہے اور اس کو معلوم ہے کہ مصر کے اندرونی مسائل بہت ہیں۔ اس لیے مستقبل قریب میں خارجہ پالیسی میں کسی خاص تبدیلی کی توقع نہیں ہے بشرطیکہ کوئی علاقائی تصادم کھڑا ہو جائے۔

سابق صدر حسنی مبارک کا اقتدار ختم ہونے سے لے کر اب تک ہمسایہ ممالک اخوان المسلمون کے آگے آنے کو بغور دیکھ رہے ہیں۔ خاص طور پر اسرائیل کے لیے مذہبی جماعت کا اقتدار میں آنا نہایت فکر مند ہے۔

دیگر اسلامی جماعتوں کی طرح اخوان المسلمون نے اسرائیل سے نفرت کو کبھی چھپانے کی کوشش نہیں کی۔ اخوان المسلمون اور دیگر سیکولر قوم پرست جماعتیں اسرائیل اور مصر کے درمیان امن معاہدے کی خلاف ہیں۔ لیکن ان جماعتوں کو محتاط انداز میں ان معاہدوں کو قبول کرنا ہی پڑا ہے۔ اس کے بغیر یہ بات ناممکن تھی کہ مصری فوجی کونسل اخوان المسلمون کو اقتدار میں آنے دیتی۔
یہ بات بھی ڈھکی چھپی نہیں ہے کہ اخوان المسلمون نے امریکہ کو اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ کیمپ ڈیوڈ معاہدوں کی پاسداری کریں گے۔

لیکن کیا صدر مرسی یا ان کی جماعت جسٹس اینڈ فریڈم پارٹی کا کوئی ممبر اسرائیلی کے ساتھ ہاتھ ملائیں گے؟

    "فلسطینی تنظیم حماس جو غزہ میں کنٹرول میں ہے کو مصر کی نئی حکومت سے بڑی امیدیں وابسطہ ہیں۔ لیکن ان کو انقریب ہی ناامیدی کا سامنا کرنا پڑے گا جب صدر مرسی اندرونی معاملات پر زیادہ توجہ دیں گے۔ "

اخوان المسلمون کے قاہرہ میں ترجمان سے جب یہ سوال پوچھا گیا تو انہوں نے عندیہ دیا کہ جماعت کو وزیر خارجہ اس کو بنانا ہو گا جو ان کی جماعت سے نہ ہو۔

دوسری جانب صدر مرسی کے اقتدار میں آنے پر اسرائیل کا سرکاری مؤقف نہایت محتاط ہے۔ لیکن اسرائیل کی نظر مصر کے نئے وزیرِ خارجہ پر ہے۔

فلسطینی تنظیم حماس جو غزہ میں کنٹرول میں ہے کو مصر کی نئی حکومت سے بڑی امیدیں وابسطہ ہیں۔ لیکن ان کو انقریب ہی ناامیدی کا سامنا کرنا پڑے گا جب صدر مرسی اندرونی معاملات پر زیادہ توجہ دیں گے۔

اسرائیل کے علاوہ مصر کے خلیجی ہمسائے بھی سیاسی تبدیلی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ان کے لیے ان کے قریبی دوست حسنی مبارک کا اقتدار جانا بڑا دھچکہ تھا اور اس سے بھی زیادہ پریشان کن امر تھا حسنی مبارک پر مقدمہ چلنا اور عمر قید کی سزا ہونا۔

اگرچہ خلیجی ممالک اور اخوان المسلمون میں مماثلت پائی جاتی ہے جیسے کہ خواتین کی حیثیت اور ان کی ذاتی آزادی پر قدغن، لیکن خلیجی ممالک اخوان المسلمون کے مذہبی ایکٹوزم سے کافی محتاط ہیں۔

اطلاعات کے مطابق خلیجی ممالک کو خوف ہے کہ کہیں مصر کے انقلاب کی ’وباء‘ ان کے ممالک میں نہ پھیل جائے اور وہ مصری تارکینِ وطن پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ متحدہ عرب امارات نے مصری لوگوں کے لیے کام کرنے کی اجازت کی شرائط کو مزید سخت کر دیا ہے۔