Wednesday 29 August 2012

صوبوں سے متعلق پارلیمانی کمیشن تیس دن میں رپورٹ دے گا


نئے صوبوں سے متعلق پارلیمانی کمیشن کے چئیرمین سنیڑ فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ کمیشن اپنی رپورٹ تیس دن میں جمع کرادے گا.

اسلام آبادمیں کمیشن کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ کمیشن جنوبی پنجاب کے تمام فریقین سے تجاویز لے گا.ایک سوال کے جواب میں فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ کمیشن کا دائرہ اختیار جنوبی پنجاب اور صوبہ بہالپور تک محدود ہے اور اس میں صوبہ بہالپور شامل نہیں ہے.

فٹبالر فرانک لیمپرڈ کے خواب


فٹبال کلب چیلسی کے تجربہ کار مڈ فیلڈر فرانک لیمپرڈ،جو ممکنہ طور پر اپنے کیریر کے اختتامی دور سے گزر رہے ہیں،انھوں نے ریٹائرمنٹ کے بعد چیلسی کا منیجر بننے کی خواہش کا اظہار کیا ہے.


اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں معروف فٹبالر کا کہنا تھا کہ وہ ریٹائرمنٹ کے بعد کوچنگ کیریر میں دلچسبی رکھتے ہیں تاہم وہ صرف چیلسی کے ساتھ کام کرنا پسند کریں گے.ان کا کہنا تھا کہ اگر چہ انھوں نے کبھی اس کا تصور بھی نہیں کیا تھا کہ وہ اتنے بڑے کلب کی کوچنگ کے فرائض سر انجام دے سکیں گے تاہم اگر وہ کوچنگ کی طرف آئے تو صرف چیلسی باس بننا ہی پسند کریں گے.لیمپرڈ کا چیلسی کے ساتھ موجودہ معاہدہ ختم ہونے کو ہے اور امید ہے کہ وہ کلب کے ساتھ نیا معاہدہ کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے جو ممکنہ طور پر ان کے کیریر کا آخری سیزن ہوگا.

ریال میڈرڈ: ٹرانسفر ونڈو بند ہونے سے قبل مزید تبدیلیوں کا عندیہ


ریال میڈر ڈ کے کوچ جوزی مورینو نے کہا ہے کہ ان کا کلب اکتیس اگست تک ٹرانسفرونڈو بند ہونے سے قبل مزید کھلاڑیوں کے ساتھ معاہدے کرسکتا ہے.

اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں ریال میڈرڈ کے کو چ کا کہنا تھا کہ کلب میں لوکا میڈرڈ کے علاوہ ابھی مزید کھلاڑیوں کو شامل کرنے کی گنجائش موجود ہے.ان کا کہنا تھا کہ ابھی ٹرانسفر ونڈو بند نہیں ہوئی اور اس وقت تک  کئی کھلاڑیوں کی آمد و رفت کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا.خیال کیا جارہا ہے کہ برازیلین مڈ فیلڈر کاکا اور Carvalho ٹرانفسر ونڈو کے دوران ہسپانوی کلب کو خیر آباد کہہ سکتے ہیں.

اینڈریو سٹراس انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے



انگلش کرکٹ ٹيم کے ٹيسٹ کپتان اينڈريو اسٹراس نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر آباد کہہ دیا ہے۔

 لندن ميں پريس کانفرنس کرتے ہوئے انگلش ٹيم کے کپتان اينڈريو اسٹراس نے ٹيسٹ کرکٹ سے ريٹائرمنٹ کا اعلان کیا، ان کي جگہ اليسٹر کک کو انگلش کرکٹ ٹيم کا کپتان مقرر کرديا گيا ہے. پريس کانفرنس کرتے ہوئے اينڈريو اسٹراس کا کہنا تھا کہ ريٹائرمنٹ کا فيصلہ مشکل تھا تاہم يہ ان کے اور انگلش ٹیم کے مفاد میں ہے۔ سٹراس نے کہا کہ وہ کافی عرصے سے فارم میں نہیں اور نہ ہی کوئی بڑی اننگز کھیل سکے ہیں۔

 100 ٹيسٹ ميچوں ميں انگلش ٹيم کي نمائندگي کرنے والے اینڈریو سٹراس نے 7037 رنز بنائے جس میں اکیس سینچریاں اور ستائس نصف سنچریاں شامل ہیں ۔اس کے علاوہ سٹرائس نے انگلینڈ کے لیے  127 ون ڈے انٹرنيشنل اور 4 ٹي 20 ميچز بھی کھیلے۔۔۔۔


انگلش کرکٹ ٹيم کے ٹيسٹ کپتان اينڈريو اسٹراس نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر آباد کہہ دیا ہے۔

 لندن ميں پريس کانفرنس کرتے ہوئے انگلش ٹيم کے کپتان اينڈريو اسٹراس نے ٹيسٹ کرکٹ سے ريٹائرمنٹ کا اعلان کیا، ان کي جگہ اليسٹر کک کو انگلش کرکٹ ٹيم کا کپتان مقرر کرديا گيا ہے. پريس کانفرنس کرتے ہوئے اينڈريو اسٹراس کا کہنا تھا کہ ريٹائرمنٹ کا فيصلہ مشکل تھا تاہم يہ ان کے اور انگلش ٹیم کے مفاد میں ہے۔ سٹراس نے کہا کہ وہ کافی عرصے سے فارم میں نہیں اور نہ ہی کوئی بڑی اننگز کھیل سکے ہیں۔

 100 ٹيسٹ ميچوں ميں انگلش ٹيم کي نمائندگي کرنے والے اینڈریو سٹراس نے 7037 رنز بنائے جس میں اکیس سینچریاں اور ستائس نصف سنچریاں شامل ہیں ۔اس کے علاوہ سٹرائس نے انگلینڈ کے لیے  127 ون ڈے انٹرنيشنل اور 4 ٹي 20 ميچز بھی کھیلے۔۔۔۔

ایل پی جی کی قیمت میں اٹھارہ سے بیس روپے فی کلو اضافے کا امکان

عالمی مارکیٹ میں قیمت بڑھنے کے بعد مقامی مارکیٹ میں ایل پی جی اٹھارہ سے بیس روپے  فی کلو مہنگی ہونے کا امکان ہے،حتمی نوٹیفکیشن تین ستمبر کو جاری کیا جائے گا۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق ایل پی جی کی سعودی آرامکو قیمت میں 171ڈالرفی ٹن اضافہ ہو گیا جس کی وجہ سے مقامی مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت میں 19ہزار روپے میٹرک ٹن اضافہ متوقع ہے۔ جاری فارمولے کے مطابق اوگرا قیمت بڑھاتی ہے تو تین ستمبر سےایل پی جی کی قیمت19 روپے فی کلو بڑھائی جائے گی ۔ جس سے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 224روپے کا اضافہ ہو گا جبکہ لاہور کی مقای مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت135 روپے فی کلو تک جا پہنچے گی.

پاک بھارت مذاکرات کو آئی ایس آئی کی حمایت حاصل،گیلانی



سابق وزیر اعظم یوسف رضاگیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کے بھارت سے مذاکرت کے سلسلے میں آئی ایس آئی سے مشاورت کی گئی اور مذاکراتی عمل کو آئی ایس آئی کی حمایت حاصل ہے.

بھارتی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آئی ایس آئی اور پاک فوج حکومت کا حصہ ہیں اور بھارت سے مذاکرات کے سلسلے میں اپوزیشن سمیت سب سے مشاورت کی جاتی ہے.یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ من موہن سنگھ ایک سلجھے ہوئے انسان ہیں اور پاک بھارت تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے سنجیدہ ہیں .انھوں نے کہا کہ انھوںنے اپنے وزارت عظمی کے دورمیں بھارتی وزیر اعظم سے ملنے میں پہل کی اور ان سے کہا کہ اگر پاکستان اور بھارت بات چیت نہیں کریں گے تو اس کا فائدہ صرف دہشت گردوں کو ہوگا.

کامرہ ائیر بیس پر حملہ آور دو دہشت گردوں کی تصاویر جاری

وزارت دفاع نے کامرہ ايئر بيس  حملے ميں ملوث 2 ہلاک دہشت گردوں کي شناخت پر انعام کا اعلان کرتے ہوئے ان کي تصاويرجاري کر دي ہيں.


 وزارت دفاع کي جانب سے 16 اگست کو کامرہ ايئربيس پر حملے ميں ہلاک ہونے والے 2 دہشت گردوں کي قومي اخبارات ميں تصاوير شائع کر کے ان کي شناخت کرنے والوں کيلئے انعام کا بھي اعلان کيا گيا ہے. وزارت دفاع نے دونوں ہلاک دہشت گردوں کے بارے ميں معلومات فراہم کرنے والے کا نام صيغہ راز ميں رکھنے کي يقين دہاني کرائي ہے.

پاکستان وویمن کرکٹ ٹیم کی آئیر لینڈ کے خلاف کامیابی

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے سہہ ملکی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے میچ میں آئیر لینڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

ڈبلن میں کلنٹاف کرکٹ گرائونڈ پر کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر آئیر لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔آئیرلینڈ کی ٹیم نے مقررہ بیس اوور ز میں پچسی رنز سکور کیے۔سینم جوئسی 29 رنز بنا کر سب سے کامیاب رہیں ،رچرڈسن نے پندرہ اور شلنگٹن نے دس رنز سکور کیے۔ پاکستان کی جانب سے کپتان ثنا میر نے تین ،سعدیہ یوسف ،نادیہ ڈار اور بسمہ معروف نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔جواب میں پاکستانی ٹیم نے ہدف سولویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔نادیہ ڈار نے 46 اور ثنا میر نے 33 رنز بنائے۔

Friday 24 August 2012

سلمان خان کے مداحوں کے لیے خوش خبری ،سٹار سے ملنے کا خواب پورا ہوسکتا ہے.


فلم سٹار سلمان خان کے مداحوں کے لیے خوش خبری یہ ہے کہ اگر قسمت کی دیوی ان پر مہربان ہو تو وہ اپنے پسندیدہ فنکار کے مہمان بن سکتے ہیں.

جی ہاں ! آپ نے بالکل درست سنا ،سلمان خان کا کوئی بھی مداح اب ان کا مہمان بن سکتا ہے جس کے لیے اسے مشہور ریئلٹی شو بگ باس میں پہنچنا ہوگا.ویسے تو اس شو کے پروڈیوسرز ہر مرتبہ اس کے فارمیٹ میں جدت لے کر آتے ہیں مگر اس دفعہ بگ باس آ رہا ہے اور بھی انھوکے آئیڈیا کے ساتھ.چینل کے منتظمین  نے فیصلہ کیا ہے کہ اس مرتبہ خاص لوگوں کے ساتھ ساتھ شو میں عام افراد کی شرکت بھی یقینی بنائی جائے گی .اس کے لیے ہو گا یہ کہ جو بھی اس شو میں پہنچنے میں کامیاب ہوگا وہ اپنے پسندیدہ فنکاروں کے ساتھ ایک گھر میں رہ پائے گا.اس طرح یقینا یہ سلمان خان کے مداحوں کے لیے بہت بڑا موقع ہوگا کہ وہ اپنے پسندیدہ سٹار کی میزبانی سے لطف اندوز ہوسکیں.

Thursday 9 August 2012

تحریک منہاج القرآن کا شہر اعتکاف لاہور میں سج گیا،اٹھارہ ہزار سے زائد مرد وخواتین معتکف


تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام 22 واں سالانہ اجتماعی اعتکاف جامع المنہاج ٹاؤن شپ لاہور میں سج گیا۔ حرمین شریفین کے بعد دنیا کے سب سے بڑے اجتماعی اعتکاف میں 18 ہزار سے زائد معتکف شریک ہیں۔

 شہر اعتکاف میں معتکفین کی آمد کا سلسلہ صبح 9 بجے شروع ہوگیا تھا جبکہ کراچی، اندرون سندھ اور بلوچستان سے سینکڑوں معتکفین ایک روز قبل ہی لاہور پہنچ گئے تھے۔

شہر اعتکاف میں جگہ کم پڑنے اور ایڈوانس رجسٹریشن نہ ہونے کی وجہ سے سینکڑوں معتکفین کو واپس بھی جانا پڑا۔ اس کے لیے تحریک منہاج القرآن کے تمام فورمز سے بار بار یہ اطلاع پہنچائی گئی تھی کہ ایڈوانس رجسٹریشن اور بکنگ کے بغیر کوئی معتکف شہر اعتکاف میں نہ آئے۔ اس کے باوجود ایسے سینکڑوں لوگوں کو شہر اعتکاف کے متفرق حلقہ جات میں جگہ دی گئی، لیکن آخر میں جگہ کم پڑ جانے کی وجہ سے سینکڑوں معتکف شہر اعتکاف میں جگہ نہ حاصل کر سکے۔

شہر اعتکاف میں مردوں کے علاوہ ہزاروں خواتین معتکفات بھی شریک ہیں، جن کے لیے منہاج گرلز کالج، کالج آف شریعہ کے ہوسٹل میں انتظامات کیے گئے ہیں۔ جہاں مرکزی شہر اعتکاف کی تمام کارروائی کو بذریہ پروجیکٹر براہ راست دکھایا جا رہا ہے۔

ادھر معتکفین کی آمد کا سلسلہ نماز مغرب سے قبل تک جاری رہا۔ شہر اعتکاف کی مرکزی کمیٹی کے سربراہ شیخ زاہدفیاض، ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور دیگر مرکزی قائدین نے شہر اعتکاف میں آنے والے تمام معزز معتکفین کو خوش آمدید کہا۔ شہر اعتکاف کے لیے جامع المنہاج اور اس کے اردگرد علاقے میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ مین گیٹ پر سیکیورٹی اہلکاروں کی چیکنگ کے بعد معتفکین جامع المنہاج میں داخل ہوئے۔ گیٹ پر سیکیورٹی سکینر بھی لگائے گئے ہیں۔ پولیس کی بھاری نفری کے علاوہ 2000 نوجوان رضا کار دس دن تک سیکیورٹی کی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ سیکیورٹی کے پیش نظر پولیس انتظامیہ نے دربار غوثیہ اور جامع المنہاج کی سامنے والی ایک سٹرک کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کیا ہوا ہے جبکہ دوسری سٹرک پر دو طرفہ ٹریفک جاری ہے۔



انتظامی طور پر شہر اعتکاف کو مختلف بلاکس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ حبس اور گرمی سے بچاؤ کیلئے سینکڑوں پنکھے اور دیو ہیکل سائز کے 60 پنکھے بھی اعتکاف گاہ میں لگائے گئے ہیں۔ گذشتہ سالوں کے بر عکس اس سال واپڈانے شہر اعتکاف کو لوڈشیڈنگ سے استثنیٰ نہیں دیا۔ تاہم لوڈ شیڈنگ کے اوقات میں بڑے بڑے جنریٹرز کی مدد سے بجلی کی ترسیل بلا تعطل جاری ہے۔

کسی بھی قسم کی ہنگامی صورت حال سے نبٹنے کے لیے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی 3 ایمبولینسز ہمہ وقت شہر اعتکاف کے مین گیٹ پر موجود ہیں۔ اس کے علاوہ شہر اعتکاف میں منہاج میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا ہے، جہاں ماہر ڈاکٹرز کی ٹیمیں معتکفین کو علاج معالجہ کی سہولت بہم پہنچا رہی ہیں۔

شہر اعتکاف کے تمام انتظامات کو سنبھالنے کے لیے مرکزی کنٹرول روم بنایا گیا ہے جہاں 60 انتطامی کمیٹیوں کے درمیان کوآرڈینشن کا مربوط نظام موجود ہے۔ انتظامیہ کی طرف سے شہر اعتکاف میں سحر و افطار کے وقت کھانے کی ترسیل کا انتہائی اعلیٰ نظام وضع کیا گیا ہے۔ طہارت اور وضو کیلئے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں۔

پہلے روز نماز عصر کے بعد مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی نے متعکفین کو اعتکاف کے ضروری مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی۔


نماز مغرب کے بعد ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے ہزاروں معتکفین کو باقاعدہ خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر شیخ الاسلام کے فرزند  صاحبزادہ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے معتکفین سے افتتاحی نشست میں اظہار خیال کیا۔ آپ نے کہا کہ تمام معتفکین اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لیے ہجرت کر کے لاہور شہر اعتکاف آئے ہیں، ان کی یہ ہجرت اس وقت کامل ہو گی، جب وہ شہر اعتکاف میں واپس جائیں تو ان کی زندگی میں عملی تبدیلی نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام نے 22 سال قبل جو پودا لگایا گیا تھا، آج وہ تنا آور درخت بن کر پھل دے رہا ہے۔ آپ لوگ اس تحریک کا سرمایہ ہیں، لیکن یہ سرمایہ اس وقت قیمتی ہوگا، جب آپ اپنےآپ میں تبدیلی پیدا کر یں گے۔ یہ ایک روحانی تربیت گاہ ہیں، جہاں بندگان خداکے لیے دھوبی گھاٹ ہے۔

نماز عشاء اور نماز تروایح کو مختلف ٹی وی چینلز نے اپنے خبر نامے میں براہ راست پیش کیا۔ نماز تراویح کے بعد نماز اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے شرکاء کو شہر اعتکاف کے شیڈول کے حوالے سے بریفنگ دی۔ شب 11 بجے رمضان المبارک میں تاک رات کی مناسبت سے محفل نعت اور شب بیداری منعقد کی گئی، جس میں ملک بھر سے نامور ثناء خوان حضرات نے شرکت کی۔ اس محفل کی نقابت کے فرائض وقاص علی قادری نے سرانجام دئیے۔
۔

Tuesday 7 August 2012

فاٹا، گلگت، بلتستان اور بلوچستان کے طالب عملوں کيلئےزبردست خوش خبری

فاٹا، گلگت، بلتستان اور بلوچستان کے طالب عملوں کيلئے خوش خبری  ہے کہ اب ان کيلئے ماسٹرز اور پي ايچ ڈي کي فيس،، وفاق ادا کرے گا، وہ ملک کي کسي بھي يوني ورسٹي ميں پڑھنا چاہيں پڑھ سکتے ہيں، اور ان کيلئے فيس کي 
بھي کوئي حد نہیں.
وزارت خزانہ کے ترجمان رانا اسد امين نے نجی ٹی وی کو بتايا کہ فاٹا،بلوچستان اور گلگت بلتستان کے طالب علموں کيلئے پيکيج تيار کرليا گيا. اس پيکيج کا اعلان موجودہ بجٹ ميں کيا گيا تھا تاہم اب اس کيلئے حکمت عملي تيار کرلي گئي ہے اور ملک بھر کي يوني ورسٹيز سے ان طالب عملوں کي فہرستيں طلب کرلي گئيں. انہوں نے بتاياکہ اس پيکيج کے تحت فاٹا، بلوچستان اور گلگت کے ڈوميسائل پر ملک بھر ميں ايم اے اور پي ايچ ڈي کي کوئي بھي فيس ہو. اس کي ادائيگي وفاق کي طرف سے کي جائے گي. ان کا کہنا تھاکہ وفاق نے اس سلسلے ميں 50 کروڑ روپے کا فنڈ بھي مختص کيا ہے

Monday 6 August 2012

فلم میکر سنجے لیلا بھانسالی کو کھوئی ہوئی جولیئٹ دوبارہ مل گئی

 
سنجے لیلا بھانسالی آج کل "رام لیلا" کے نام سے فلم رومیو اینڈ جولیئٹ کا گجراتی ورژن بنا رہے ہیں.لیکن اس پروجیکٹ کے لیے انہیں "جولئیٹ" کی تلاش نے خاصا پریشان کررکھا تھا.ابتداء میں اس کردار کے لیے کرینہ کپور کو پیشکش کی گئی تاہم انھوں نے مناسب تاریخیں دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے معذرت کر لی.اس کے بعد تو جیسے اس کردار کے لیے بالی ووڈ ہیروئینز کے درمیان دوڑ سی لگ گئ.کچھ عرصہ اطلاعات رہیں کہ بھانسالی اس کردار کے لیے پرینکا چوپڑا کو سائن کرنے والے ہں مگر پھر کسی وجہ سے یہ بیل بھی مونڈے نہ چڑھ سکی .اس کے بعد خبر آئی کہ دیپیکا پڈوکون کو رنویرسنگھ کے مقابل جولیئٹ کے رول کے لیے فائنل کر لیا گیا ہے،حتی کے اس مقصد کے لیے ان کا آئڈیشن تک کر لیا گیا.مگر پھر سنجے لیلا بھانسالی کو لگا کہ دیپیکا پڈوکون بھی اس کردار سے سہی طور پر انصاف نہیں کر پائیں گی.اصل میں فلم ساز جولئیٹ کے کردار کے لیے ابھی بھی  اپنی پہلی چوائس یعنی کرینہ کپور ہی کی طرف دیکھ رہے تھے.ایک طویل انتظار کے بعد بالآخر اب بھانسالی کی دیرینہ خواہش پوری ہوگئی ہے اور ان کی پہلی ترجیح یعنی بالی ووڈ بے بو کرینہ کپور نے "رام لیلا " میں کام کرنے کی حامی بھر لی ہے.اگر چہ  بے بو اپنی شرائط پر کام کرنے کے لیے رضامند ہوئی ہیں تاہم پھر بھی  سنجے لیلا بھانسالی نے کھوئی ہوئی جولئٹ کے دوبارہ ملنے پر یقیناً اطمینان کا سانس تو لیا ہی ہوگا!!!!
 


Sunday 5 August 2012

بالی ووڈ کیٹ کترینہ کیف کا خواب ادھورا رہ گیا


بالی ووڈ ایکٹریس کترینہ کیف کے وہ مداح ،جواپنی فیورٹ اداکارہ  کی آواز میں گانا سننے کی تمنا لیے بیٹھے تھے ،ان کے لیے مایوس کن خبر ہے کہ اس حوالے سے  چکنی چمیلی گرل کا خواب فی الحال ادھورا رہ گیا ہے.
جی ہاں یش راج کی نئی آنے والی فلم کے نغموں کی دھنیں ترتیب دینے والے شہرہ آفاق موسیقار اے آر رحمن نے تردید کی ہے کترینہ کیف فلم میں  ان کا بنایا ہوا کوئی گانا گائیں گی.حالانکہ اس سے قبل اطلاعات یہی تھیں کہ کیٹ شاہ رخ خان کےہمراہ فلم میں اداکاری کے ساتھ ساتھ اپنی آواز کا جادو بھی جگائیں گی.ایک بھارتی اخبار سے بات چیت کرتے ہوئے اے آر رحمن کا کہنا تھا کہ ان کی بنائی ہوئی کسی دھن پر کترینہ کے گانے کا  فی الحال کوئی منصوبہ نہیں.دلچسب بات یہ ہے کہ کترینہ اس سے قبل ایک چییریٹی البم میں اے آر رحمن کی ہی بنائی ہوئی دھن پر ایک گانا گا چکی ہیں جس کو آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار نے بے حد پسند کیا تھا.مگر اب لگتا ہے کہ اے آر رحمن کترینہ کو سردست فلموں  کے لیے گانے کے قابل نہیں سمجھ رہے،کم از کم ان کی جانب سے تردید سے تویہی محسوس ہوتا ہے.!!!!!!

جدید انتخابی فہرستیں یا نئی مصیبت ؟؟؟


اطلاعا ت ہیں کہ الیکشن کمیشن کے عملے نے سپریم 
کورٹ کے دباؤ پر جلد بازی میں انتخابی فہرستوں کو اس
 طرح مکمل کیا کہ شناختی کارڈ پر جس کا جہاں کا مستقل پتہ درج تھا، وہیں خود بخود اس کا ووٹ درج کر دیا گیا۔یوں سمجھیے کہ آپ کا مستقل پتہ لیہ ، بھکر یا پھر سندھ ،بلوچستان کے کسی دور دراز علاقے کا ہے مگر آپ کئی سالوں سے اسلام آباد ،کوئٹہ ،کراچی یا پھر پشاور میں مقیم ہیں اور یہی ووٹ کاسٹ کرنا چاہتے ہیں تو اب شاید ایسا ممکن نہ ہو،کیونکہ اچانک آپ کو پتہ چلے گا کہ آپ کا ووٹ تو آپ کے آبائی علاقے میں درج ہو گیا ہے۔اور اگر آپ کی بیگم صاحبہ مقامی ہیں تو ان کا ووٹ یہی درج ہوا ہوگا۔یوں جلد بازی کے باعث مکمل کی گئی انتخابی فہرستیں اگلے انتخابات کے موقع پر عوام کے لیے ایک بڑی مصبیت بننے والی ہیں۔دنیا بھر میں ووٹر کی سہولت کو دیکھتے ہوئے اس کی رہائش کے قریب ترین انتخابی حلقے میں ووٹ کا اندراج کیا جاتا ہے تاکہ ووٹر کو کم سے کم زحمت ہو اور وہ آسانی کے ساتھ اپنا فرض ادا کر سکے ۔مگر وطن عزیز میں ہر معاملے کی طرح یہاں بھی گنگا الٹی بہہ رہی ہے ۔سادہ لوح چیف الیکشن کمیشنر کو بھی عیار بیوروکریسی نے رٹا رٹایا سبق پڑھا دیا ہے اور وہ اول دن سے ہی وہی سرکاری بولی بولنے لگ گئے ہیں جو ان کے پیش رو بولتے رہے ۔اس مسئلے کا ایک سیدھا سادہ حل تو یہ ہے کہ فوری طور پر گھر گھر تصدیق کا نامکمل عمل دوبارہ سے شروع کیا جائے اور عوام کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے ووٹوں کا اندراج یقینی بنایا جائے۔اگر چہ الیکشن کمیشن نے اپنے تہیں یہ معرکہ بھی سر کر لیا ہے اور اب انتخابی فہرستیں یونین کونسل سطح پر تصدیق کے لیے آویزاں کی جارہی ہیں۔ مگر انتخابی ڈرامے سے تنگ اور روٹی روزی کے چکر میں مصروف عوام کو کیا پڑی کے وہ اس قسم کے جھنبیلوں میں پڑیں خصوصا ایسے میں جب انتخابی راستے سے امید کا کوئی دیا بھی نظر نہیں آرہا۔
دوسرا حل ذرا انقلابی نوعیت کا ہے مگرانتخابی فہرستوں کی خامیوں سمیت بہت سے دیگر مسائل کے لیے بھی نسخہ کیمیا کی حثیت رکھتا ہے۔وہ یہ کہ موجودہ انتخابی نظام کو لات مار کر ملک میں متناسب نمائندگی کا نظام رائج کیا جائے۔ حلقے بندیاں ختم کر دی جائیں اور پورے ملک کو ایک ہی حلقہ ڈکلئیر کر دیا جائے۔لوگ انفرادی طور پر کسی امید وار کے بجائے پارٹی اور اسکے منشور کو ووٹ دیں۔جیسا کہ اس سے ملتا جلتا نظام فرانس اور سوئیزر لینڈ سمیت دنیا کے تقریبا 58ممالک میں رائج ہے۔ اس کا پہلا فائدہ یہ ہوگا کہ آپ ملک کے کسی بھی کونے میں ہوں،اپنی پسند کی جماعت کو ووٹ دیے سکیں گے ،اس کے لیے آپ کو کرایہ خرچ کر کے اپنے آبائی علاقے کا سفر کرنے کو نوبت پیش نہیں آ ئے گی۔دوسرا فائدہ یہ ہوگا کہ ہر شخص جب وہ اٹھارہ سال کی عمر کو پہنچے گا تو مناسب تصدیق کے ساتھ اس کا ووٹ خود بخود سسٹم میں درج ہو جائیگا۔نہ گھر گھر تصدیق کی مشق لاحاصل کرنا پڑے اور نہ ہی اس کے لیے کوئی لمبا چوڑا عملہ درکار ہوگا۔انتخابی نظام کو اگر کمپیوٹرائزڈ کردیا جائے اور بیلٹنگ باکس کی جگہ خود کار مشینیں (الیکٹرونک ووٹنگ مشین) نصب کردی جائیں تو پورے نظام میںایک انقلابی تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔نادرا کی مدد سے ایسا نظام آسانی سے بنایا جاسکتا ہے جس میں جب کوئی شخص ملک کے کسی بھی کونے سے جب ایک دفعہ ووٹ کاسٹ کر لے گا تو پھر وہ دوسری دفعہ ایسا نہیں کر سکے گا۔خودکار  کمپیوٹرائزڈ  بیلیٹنگ مشین اس کی یہ کوشش اس پیغام کے ساتھ رد کر دے گی کہ “ہم معذر ت خواہ ہیں آپ اپنی پسندیدہ جماعت کو ووٹ دینے کا حق پہلے ہی استعمال کر چکے ہیں۔یوں اس عمل کے ذریعے سو فیصد صاف شفاف انتخابات جس کے وعدے اور دعوے ہم آئے روز سنتے آرہے ہیں ،کا انعقاد یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ اس عمل اور نظام کے بے شمار دیگر فوائد الگ ہیں جن کابیان اور احاطہ یہاں ایک کالم میں کرنا ممکن نہیں۔صرف مختصرا اتنا عرض کرنا کافی ہے کہ جس بدبو دار جاگیر درانہ نظام کو جڑوں سے اکھا ڑنے کے لیے ہم گزشتہ پینسٹھ برسوں سے ناکام جدوجہد کرتے چلے آرہے ہیں اور جس کے خلاف نعرے لگا کر بہت سی سیاسی جماعتیں عوام سے ووٹ بٹورتی ہیں،اس کو اس نظام انتخاب کے ذریعے بڑی آسانی سے زمین بوس کیا جاسکتا ہے۔جب کوئی حلقہ ہی نہیں ہوگا تو کسی جماعت کے سربراہ کو کیا پڑی کے وہ جاگیر داروں کا ٹولا اپنے ساتھ لے کر عوام پر مسلط کرتا رہے۔اگر حسن زن سے کام لیا جائے اور یہ سمجھ لیا جائے کہ جناب نواز شریف صاحب جیسا محب وطن اور مخلص کوئی دوسرا شخص اس ملک میں موجود نہیں ،اگر فرض کر لیا جائے کہ زرداری صاحب بھٹو صاحب کے سچے سیاسی جانشین ہیں اور اگر تسلیم کر لیا جائے کہ عمران خان حقیقی تبدیلی کی علامت ہیں ۔تب بھی یہ سارے لوگ مجبور ہیں کہ ہر حلقے میں کسی لغاری،کسی کھوسے ،کسی گیلانی ،کسی چوہدری ،کسی ٹوانے،کسی دولتانے یا پھر کسی سردار اور خان کو ہی ٹکٹ دیں ،بصورت دیگر وہ اپنی سیٹ کھودیں گے۔مگر جب حلقے بندیوں کی لعنت کا خاتمہ ہو جائے گا تو کسی عمران خان کو لوٹوں کا ریوڑ اکھٹا کرنے کی ضروت باقی نہیں رہی گی۔لوگ براہ راست پارٹی کو ووٹ دیں اور پارٹی ایمان دار ،قابل اور اہل لوگوں کو ملنے والے ووٹ کے تنا سب سے پارلمینٹ میں
بھیجے۔جیسا کہ پہلے عرض کیا جا چکا کہ یہ موضوع ایک الگ بجث ہے جس پر پھر کسی موقع پر تفصیلی گزارشات پیش کرونگا مگر یہاں یہ بات عرض کرنا چاہتا ہوں کہ اگر کوئی اذیت ناک مسائل کے اذدھے سے عوام اور ملک کو نجات دلانا چاہے تو اس کے لیے صرف اور صرف ایک چیز کی ضرورت ہے اور اسکا نام ہے حسن نیت، جو فی زمانہ حکمران طبقے میں جنس نایاب ہو گئی ہے۔لہذا عوام کو کسی مسیحا کا انتظار کرنے کے بجائے تیونس ،لیبا اور مصر کے عوام کی طرح خود آگے بڑھ کر حکمرانوں پر دباؤ بڑھانا ہوگا ورنہ ہماری مزید کئی نسلیں اہل  اقتدار کی ہوس کا نشانہ اور ان کی غلطیوں کا خمیازہ بگھتتی رہیں گی

Saturday 4 August 2012

برما ميں مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف تحريک منہاج القرآن کا مظاہرہ



 تحريک منہاج القرآن نے ميانمار ميں برمي مسلمانوں پر ظلم وستم کے خلاف لاہورپريس کلب کے سامنے
 مظاہرہ کيا
 مظاہرين نے بينر اٹھا رکھے تھے جن پر برمي مسلمانوں کا قتل عام بند کرنے کے مطالبات درج تھے. ان کا کہنا تھا کہ ميانمار ميں مسلمانوں کي نسل کشي قابل مذمت ہے. مسلمان حکمرانوں کي خاموشي شرمناک ہے. انہوں نے اقوام متحدہ سے اپيل کي کہ وہ برمي مسلمانوں کا قتل عام رکوانے کيلئے فوري آگے بڑھے